اب افغان ہمارے دشمن ہیں؟

0
619

اب افغان ہمارے دشمن ہیں؟

تحریر: احمد جواد

افغان ہمارے دشمن ہیں، ہماری معیشت تباہ کر دی، دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں، سمگلنگ کے ذمہ دار ہیں

یہ ایک بیانیہ آجکل پھیلایا جا رہا ہے یعنی ایک نیا دشمن تیار کیا جا رہا ہے، بھارت سے اب توپوں کا رخ افغانستان کیطرف ہے

آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ سب سے زیادہ افغان ایران میں ہیں جس کی تعداد 30 لاکھ ہے، اسکے بعد پاکستان میں 12 لاکھ، جرمنی میں چار لاکھ، امریکہ میں تین لاکھ، یو اے ای میں تین لاکھ، روس میں ڈیڑھ لاکھ، ترکیہ میں ڈیڑھ لاکھ اور دنیا کے کئی ممالک میں پھیلے ہوۓ ہیں، یہ اعدادوشمار بین الاقوامی فورم کے ہیں

آج پاکستان کے لفافی دانشور پاکستان کی تباہی کو افغانوں پر ڈال رہے ہیں، کیا کسی اور ملک کو بھی افغانوں نے تباہ کیا؟ کیا ایران،چین، ازبکستان،کرگستان، کزاکستان میں بھی کبھی کوئ دہشت گردی ہوئ؟

یہ ہمارا قومی کلچر بن گیا ہے، اپنی غلطیوں کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے کیلئے ہم کبھی بھارت یا اسرائیل یا ایران یا کبھی افغانستان کو ذمہ دار ٹھہرا دیتے ہیں

ہماری سرحدوں سے سمگلنگ کی اجازت کون دیتا تھا؟ افغان سرحد پر جو اربوں روپے کی باڑ لگائ، وہ کدھر گئی؟ ایران سے تیل اور دوسری چیزوں کی سمگلنک کس کی اجازت سے ہوتی تھی؟ اب اچانک کیسے بند ہوگئی؟ اگر یہ اتنا آسان تھا تو 76 سال سے انتظار کیوں کر رہے تھے؟ سمگلنگ کے تین راستے سرحدی، سمندری، ہوائ! انکی نگرانی 76 سال سے کس کے پاس ہے؟

ہم نے ایک دفعہ پھر اپنی نالائقیوں کا بوجھ اپنے ہمساۓ پر ڈال دیا، افغانستان کی سرحد بند کرنے سے کیا ہوگا، چین اور وسطی ایشیائی ممالک کی سرحدیں افغانستان کیلئے کھلی ہیں، نقصان ہمارا ہو گا، ایک اور ہمسایے سے تنازعہ ہوگا، اگر افغانستان کی سرحد بند کرنے سے معیشت ٹھیک ہو جاۓ تو یہ دنیا میں پہلی دفعہ ہوگا

امریکہ میکسکیو کی سرحد متنازعہ رہی لیکن کبھی بند نہیں ہوئ، چین اور تائیوان کے درمیان فلائٹس ایسے چلتی ہیں جیسے لاہور اور کراچی کے درمیان، کیا ترکیہ میں 40 لاکھ شام کے مہاجر ترکیہ کی معیشت تباہ کر گئے؟ کیا وہاں دہشت گردی یا سمگلنگ ہو رہی ہے؟

کیا رجیم چینج آپریشن افغانستان نے کروایا؟ کیا ہمارا سیاسی عدم استحکام افغانستان کیوجہ سے ہے؟ کیا ہمارے ملک میں کرپشن افغانستان کیوجہ سے ہے؟

خدا کیلئے اپنے گریبان میں جھانکو، دوسروں پر انگلیاں اُٹھانے سے 76 سال میں کوئ فائدہ نہیں ہوا، آئندہ بھی نہیں ہو گا